اسلامک وظائف

ہر طرح کا کام بن جائے اور ہر قسم کے مشکل حالات میں حفاظت ہوگی

عبدالله ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ(القرآن سورۃآل عمران آیۃ 173) ترجمہ : الله تعالی ہمارے لئے کافی ہیں اور بہترین کارساز ہیں یہ جملہ ابراہیم علیہ السلام نے اس وقت کہا تھا، جس وقت ان کو آگ میں ڈالا گیا تھا اور( یہی کلمہ) ہمارے آخری نبی وپیغمبر فداہ اُمّی وابی نبیّنا محمد ﷺنے اس وقت کہا تھا جب لوگوں نے( مسلمانوں کو ڈرانے کے لیے) کہا کہ بے شک لوگوں نے تمھارے لیے (فوج)جمع کر لی ہے، سو ان سے ڈرو، تو اس (بات)نے انھیں ایمان میں زیادہ کر دیا اور انھوں نے کہا حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ (قرآن مجید آل عمران آیۃ 173 ورواہ البخاری:4563) اور ترمذی شریف کی روایت ہے قُولُوا حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ عَلَى اللَّهِ تَوَكَّلْنَا۔ (ترمذی: 2618) ترجمہ: کہو “اللہ ہمارے لئے کافی ہے اور وہ کیا ہی اچھا کار ساز ہے، اللہ ہی پر ہم توکل کرتے ہیں۔

اس کو کثرت سے پڑھیں ان شاءالله تمام خراب حالات میں الله تعالی آپ کی حفاظت فرمائیں گے اور کثرت کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ ہر نماز کے بعد اول آخر 11 مرتبہ درود شریف کے ساتھ ایک سو گیارہ 111 مرتبہ پڑھ لیا جائے اور مبلغ وقت مولانا یونس ابن مولانا عمر صاحب پالنپوری ؒ کا تجربہ ہے کہ اس کو کثرت کے ساتھ پڑھنے سے الله تعالی تمام پریشانیاں دور فرمائیں گے۔ تجربہ ہے کہ ہرنماز کے بعد 11 گیارہ مرتبہ حَسْبُنا اللهُ ونِعْمَ الوَکِیل علَی اللهِ تَوکَّلنا پڑھنے سے ہر مشکل کام آسان ہوجاتا ہے اور کوئی مباح کام رکتا نھیں ہے اور اگر کثرت سے پڑھا جائے تو بے شمار فوائد ہیں الله تعالی آپ کا کام اس طرح بنائیں گے کہ آپ حیران رہ جائیں گے نیز تمام دنیوی واخروی مقاصد میں کامیابی کا ضامن ہے۔

ہر طرح کا کام بن جائے اور مشکل حالات میں حفاظت ہوگی انشااللہ تعالی ، اللہ تعالی کے کلام میں بہت برکت ہے اللہ تعالی اپنی ذات و صفات میں یکتا ہے ۔ اللہ تعالی سے دعا مانگنا اس بات کی دلیل ، ثبوت اور دل کا یقین ہے کہ سب کچھ کرنے والی ذات صرف ایک اللہ کی ہے ، میرے چاہنے یا کرنے سے کچھ نہیں ہوتا جوکچھ کرتاہے صرف ایک اللہ کرتا ہے اور کچھ بھی کرنے میں اللہ کسی بھی مخلوق کا محتاج نہیں ۔ اللہ تعالی ہمیں اپنے خزانوں سے عطاکرے اور اللہ کی ذات سے ہونے کا یقین عطافرمائے ۔آمین

Leave a Comment