اسلامک معلومات

مومن کی نجات کا سب سے بڑا سہارا

مومن کا سب سے بڑا سرمایہ توحید ہے۔ اسکی نجات کا سب سے بڑا سہارا توحید ہے۔ انسان کے نامہ اعمال میں توحید سے زیادہ وزنی اور کوئی چیز نہیں۔ اسلام کا پورا علم کلام اور شریعت کا سارا نظام توحید کے اردگرد گھومتا ہے۔ توحید ہی اول ہے یہی آخر ہے۔ اسی سے اسلامی زندگی کی ابتداء ہوتی ہے اور اسی پر خاتمہ بالخیر ہوتا ہے ۔ یہی جنت کی کنجی ہے , یہی دنیا کی سعادت, اسی پر شفاعت موقوف ہے , یہی تمام انبیاء کی دعوت کا نقطۂ آغاز ہے ۔

شرک سے بڑا کوئی گناہ نہیں۔ اللہ کے نزدیک یہ ناقابلِ معافی جرم ھے ۔ افسوس دنیا شرک کا بازار بن گئی ہے ۔ ہر طرف شرک کی فراوانی ھے ۔ توحید علمِ کلام کا ایک مسئلہ بن کر رہ گیا ہے۔ دنیا توحید کے نام پر شرک کر رہی ہے ۔عیسائیت جسے دنیا کی سیاسی اقتصادی اور علمی قیادت حاصل ہے توحید کی بجائے تثلیث پر قائم ھے ۔ یہودیت کا سارا فلسفہ شرک اور رہبان پرستی ہے ۔ ہندو مت مجوسیت اور دیگر چھوٹے بڑے مذاہب شرک ہی کی بنیاد پر قائم ہیں ۔ توحید ہی نے اسلام کو تمام ادیان پر غالب کیا تھا لیکن یہ حقیقی اسلام آج خود مسلمانوں میں اجنبی ہو کر رہ گیا ہے ۔ رسول پرستی , آئمہ پرستی , قبر پرستی , پیر پرستی اور لاتعداد قسم کی پرستشوں نے خدا پرستی کی آواز کو دبا کر رکھ دیا ہے ۔

رسول خدا کے اوتار بن گئے , آئمہ کرام کو رسول کا مقام دے دیا گیا ہے ۔ پیروں اور درویشوں کی چھوکھٹیں کعبہ کا دروازہ بن گئی ہیں ۔ پرشکوہ مقبروں نے مسجدوں کا رعب ختم کر دیا ہے ۔رسول اللہؐ امت کے لئے اسوۂ حسنہ بن کر آئے تھے انکی سنتیں بدعتوں کے انبار میں دب گئیں ۔ اسلام کا چہرہ مصفا عجمی افکار سے داغدار ہو گیا ۔ افسوس آج اسلام خود اپنی غربت پر رو رہا ہے

Leave a Comment